بنگلورو،30؍جنوری(ایس اونیوز) لوک آیوکتہ جسٹس وشواناتھ شٹی نے ان پر غلط حلف نامہ دے کر جوڈیشیل لے آؤٹ میں زمین حاصل کرنے کا الزام لگانے والے سماج پریورتن سمودایا کے سربراہ ایس آر ہیرے مٹھ کو متنبہ کیا ہے کہ اگر انہوں نے بیہودہ الزامات تراشی کا سلسلہ بند نہیں کیاتو ان کے خلاف وہ قانونی جنگ کی شروعات کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ان کے اور ہیرے مٹھ کے درمیان کوئی ذاتی رنجش نہیں ہے۔ سماج کے ایک ذمہ دار جج ہونے کے ناطے انہوں نے ہمیشہ سے اپنا فرض پوری دیانتداری کے ساتھ نبھایا ہے۔ کبھی کوئی غیر قانونی حرکت نہیں کی ہے اور نہ ہی ایسا کرنے کی انہیں کوئی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہیرے مٹھ کی طرف سے بارہا لگائے جارہے غیر ضروری الزامات کو وہ سن کر خاموش رہنے والوں میں سے نہیں ہیں ، بلکہ اگر آئندہ اگر انہوں نے ایسی کوئی حرکت کی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی ضرور کی جائے گی۔ سابق لوک آیوکتہ جسٹس بھاسکر راؤ پر رشوت ستانی کے الزامات کے متعلق ایک سوال پر جسٹس وشواناتھ شٹی نے کہا کہ بھاسکر راؤ کے لڑکے اشون راؤ کی طرح میرا لڑکا ششی کرن شٹی بے روزگار نہیں ہے۔ اسی لئے لوک آیوکتہ کے امور میں مداخلت کرنے کیلئے اس کے پاس کوئی وقت نہیں ہے۔